ہفتہ , ستمبر 21 2019
Home / تازہ ترین / تجاوزات مہم: کراچی چیمبر کی متاثرین کو دستاویزات جمع کرانے کی ھدایت

تجاوزات مہم: کراچی چیمبر کی متاثرین کو دستاویزات جمع کرانے کی ھدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی ) کے صدر جنید اسماعیل ماکڈا نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے حقیقی متاثرین سے کہا ہے کہ وہ اپنی شکایات قانونی دستاویزات اور شواہد کے ساتھ کراچی چیمبر آف کامرس میں جمع کروائیں تاکہ متعلقہ حکام کو ان کی مشکلات سے آگاہ کیا جاسکے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کو ہر روز درجنوں شکایات موصول ہورہی ہیں جن میں شکایت کنندگان اپنی دکانوں کی قانونی حیثیت کا دعویٰ کر رہے ہیں جنہیں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم میں مسمار کردیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ تمام شکایات دکانوں کی قانونی حیثیت، ملکیت اور ٹھوس شواہد پر مشتمل ہونی چاہیے تاکہ کے سی سی آئی مؤثر طریقے سے متعلقہ حکام کے سامنے مناسب ازالے کے لیے ان کی شکایات کا دفاع کرسکے۔

کے سی سی آئی کے صدر نے عوامی خدمت کی پالیسی کے تحت اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ تجاوزات کے خلاف مہم کی وجہ سے حقیقی متاثرین کے ساتھ مخلصانہ کوششیں کی جائیں گی اور ان کے ساتھ کسی صورت ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبر تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے متاثرین کو وزیربلدیات سندھ سعید غنی اور میئر کراچی وسیم اخترکی حالیہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیے گئے وعدے کے مطابق متبادل جگہوں کی فراہمی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہے کیونکہ یہ ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی کا سوال ہے جو اپنی دکانوں کو مکمل طور پر توڑے جانے کے باعث بے روزگار ہو گئے ہیں اور ان کے پاس آمدنی کا کوئی دوسرا ذریعہ نہیں.

Check Also

پانی کو گندہ کرنے کا عمل

پانی کا بحران ماحولیاتی بحران ہے

محمد علی شاہ پانی کا بحران ماحولیاتی بحران ہے. ہم جب پانی پر بحث کے …