ہفتہ , ستمبر 21 2019
Home / کاروبار / حکومت اسٹیل مل کی بحالی میں سنجیدگی دکھائے، پاسلو

حکومت اسٹیل مل کی بحالی میں سنجیدگی دکھائے، پاسلو

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو) کے صدر عاصم بھٹی اور جنرل سیکریٹری علی حیدر گبول نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل جو اس ملک کا واحد فولاد ساز ادارہ ہے اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اسے چلانے کے حکو متی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں.

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اگر حکومت اسٹیل مل چلانے کے لیئے سنجیدہ ہے اور عملی طور پر کچھ کرنے کو تیار ہے تو پاسلو یونین ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی. ماضی میں بھی اس ادارے کو چلانے کے لیئے باتیں اور دکھاوے تو بہت کیئے گئے لیکن سنجیدگی نہ ہونے کی وجہ سے ادارے کے حالات بد سے بدتر ہوتے چلے آرہے ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بھی پاکستان اسٹیل اور پی آئی اے کوبحال کرنے کا اعلان تو کیا لیکن جو سنجیدگی پی آئی اے میں دکھائی گئی ہے، ماضی کی طرح وہ سنجیدگی اسٹیل مل میں نظر نہیں آرہی، لہذاء حکومت اگر اس ادارے کو چلانے میں مخلص ہے تو سنجیدگی ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر ادارے کا جز وقتی سربراہ مقرر کرے.

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسٹیل مل کے تین سال قبل منقطع کیئے گئے گیس کنکشن کو بحال کیا جائے، اسٹیل مل کی مصنوعات پر عائد پابندی کو ختم کیا جائے، ایس آر او میں ترمیم کی جائے جب تک پاکستان اسٹیل این او سی نہ دے اسٹیل کی در آمدات پر پابندی عائد کی جائے.

پاسلو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا وفات پاجانے والے ملازمین کی بیواؤں کو واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ خوش آئند ہے لیکن حکومت ریٹائر ہونے والے ملازمین کے واجبات بھی فی الفور ادا کرے. اسٹیل مل کو لوٹنے والے اور کرپٹ عناصر کا احتساب کرنے کا اپنا وعدہ پورا کرے. ملازمین کی بقایا تنخواہیں بھی فوری اداکی جائیں.

انہوں نے کہا کہ آج ماہ ستمبر کی تنخواہ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور ہوئے 12دن ہوچکے ہیں لیکن ملازمین کو ابھی تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئی وہ فی الفور اداکی جائے۔

Check Also

آئی کیپ کے تحت نیشنل ٹیکس کانفرنس 2019 کا انعقاد

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) ملکی معیشت کی ترقی میں رکاوٹ بننے والے ٹیکس معاملات پر …